دہرہ دون،29جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتراکھنڈ میں مسلسل بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئی اور زمین کھسکنے سے کئی سڑکیں متاثر ہوگئی ہیں۔شدید بارش کی وجہ سے اسکول بند رہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جالی گرانٹ میں 145.1میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ رشی کیش میں 132.4 ملی میٹر، اترکاشی کے پرولا میں 110ملی میٹر، روڑکی میں 106ملی میٹر،مسوری میں 99.5ملی میٹر اور دہرادون میں 98.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔اس نے اگلے 72 گھنٹے میں ریاست کے زیادہ تر حصے میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے اور ہمالیائی ریاست میں آنے والے یاتریوں سے محتاط رہنے کو کہا ہے۔دو دنوں کی مسلسل بارش کی وجہ سے اترکاشی ضلع کے پرولا میں اسکول کی دیوار منہدم ہوگئی ہے۔اترکاشی ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر دویندر پٹوال نے بتایا کہ اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا کیونکہ ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے پہلی کلاس سے بارہویں کلاس تک کے سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ زمین کھسکنے سے جمع ہوئے ملبے سے اترکاشی میں کئی سڑکیں متاثر ہو گئیں۔رشی کیش -گنگوتری نیشنل ہائی وے تھیرانگ، لالدھانگ اورنالپانی میں رکاوٹ پیداہوئی ہے جبکہ دہلی یمنا ہائی وے کاڈکھال، سلیس اور لکھواڈ میں متاثر ہیں۔کھارسن میں برکوٹ-وکاس نگر شاہرہ متاثر ہے۔